مولانا عبدالقدوس عشاء کی نماز کے بعد مسجد کے صحن میں اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کر رہے تھے اور کہہ رہے تھے میں عورتوں کے گھر سے باہر جا کر کام کرنے کے سخت خلاف ہوں، میں چاہتا ہوں کہ عورتیں گھر بار سنبھالیں اور باہر کے کام صرف مرد خضرات کیا کریں۔ مغرب کی عورت کی دیکھا دیکھی ہماری عورتوں نے بھی اب وہی چلن اپنا لیا ہے، مغربی تہذیب کے اثرات دن بہ دن ہماری معاشرت میں سرایت کرتے جا رہے ہیں ہمیں اس کی بیخ کنی کرنی چاہیے اور اس کے خلاف بھرپور جہاد کرنا چاہیے۔ اگر یہی چلن رہا تو مغربی تہذیب ہماری آنے والی نسلوں کو مکمل تباہ و برباد کرکے رکھ دے گی۔ آج ہماری عورت مغرب کی عورت کی طرح آزادانہ باہر گھومتی ہے جس سے معاشرے میں برائیاں روز بہ روز بڑھتی جا رہی ہیں۔'
سامنے بیٹھے ایک شخص نے سوال کیا کہ مولانا بہت سی عورتیں ایسی ہیں جو مجبوری سے گھروں سے نکلتی ہیں جن کے خاوند، بھائی اور باپ نہیں ہیں یا ان کی آمدنی بہت قلیل ہے اس لیے گھر کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ان کو باہر جا کر کمانا پڑتا ہے۔' بات سن کر مولانا نے ایک گہرا سانس لیا اور پھر فرمایا۔ 'آپ کی بات بالکل بجا ہے بہت سی ایسی عورتیں ہیں جن کا کمانے والا کوئی نہیں مگر وہ اس لیے ہے کہ ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں اگر اسلامی نظام رائج ہوتا تو ان عورتوں کی ذمہ داری اسلامی حکومت پر ہوتی اور وہ ان کے تمام اخراجات خود پورے کرتی اس طرح ان عورتوں کو بھی باہر نکلنے کی ضرورت پیش نہ آتی اور یوں بھی رزق کا وعدہ خدا نے کیا ہے اس لیے ایسی باتوں کی فکر کرنے کی بالکل بھی ضرورت نہیں۔'
اس کے بعد مولانا نے ایک طویل تقریر کی اور اسلامی نظام اور اسلامی معاشرت کا مکمل نقشہ کھینچتے ہوۓ بتایا کہ اسلامی معاشرت میں دراصل کیا کیا جائز ہے اور کیا کیا جائز نہیں۔ پھر انہوں نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھاۓ تمام سامعین نے بھی ان کی پیروی کی اور دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے۔ مولانا نے گڑگڑاتے ہوۓ رقت آمیز انداز میں طویل دعا فرمائی 'اے باری تعالٰی اسلامی معاشرت کی حفاظت اب تیرے ہاتھ میں ہے تو ہی اس کا رکھوالا ہے تو جلد سے جلد اس ملک میں ایسی معاشرت قائم کر جو اسلام کے اصولوں کے مطابق ہو اور اس کی ابتدا تو عورتوں کو گھر کے اندر پردے میں رکھنے سے کر۔۔۔'
محفل برخاست کرنے کے بعد انہوں نے سب سے مصافحہ کیا اور سلام دعا کے بعد گھر لوٹ آۓ۔ کھانا کھاتے ہوۓ انہوں نے اپنی بچیوں کو بھی اسی قسم کی چند نصیحتیں کیں۔ آج تہجد کے وقت بھی انہوں نے یہی دعا بڑے جوش و جذبے سے مانگی۔ نجانے کتنی دیر تک وہ سجدے میں پڑے رہے اور وہیں جاۓ نماز پر ان کی آنکھ لگ گئ۔ صبح جب ان کی آنکھ کھلی تو دن نکل آیا تھا اور مشرق سے ابھرتا ہوا آفتاب پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ خیرت سے انہوں نے ارگرد دیکھا اور اپنی بیوی کو بلند آواز سے پکارا جو ساتھ ہی بستر پر سو رہی تھی۔ وہ ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھی۔ انہوں نے کہا تم نے مجھے جگایا کیوں نہیں فجر کا وقت گزر گیا ہے۔ ان کی بیوی نے کہا۔ 'مولوی صاحب مجھے تو خود معلوم نہیں اتنا وقت کیسے ہو گیا۔ میری آنکھ بھی ابھی کھلی ہے۔' جب انہوں نے اپنی بچیوں کو جا کر دوسرے کمرے میں دیکھا تو وہ بھی سب سو رہی تھیں۔ مولانا نے استغفار کیا اور کہا 'لگتا ہے آج شیطان نے ہم سب کو نیند میں نماز سے غافل کر دیا ہے خدا اس مردود کو غارت کرے۔'
اس کے بعد انہوں نے قضا نماز ادا کی اور ان کی بیوی ناشتہ وغیرہ تیار کرنے میں جت گئ۔ جب وہ اپنی چھوٹی بیٹی کو سکول چھوڑنے کے لیے گھر سے نکلے تو انہوں نے دیکھا تمام منظر یکسر بدل چکا ہے۔ ہر طرف مرد ہی مرد دکھائی دے رہے ہیں، کسی عورت کا کہیں کوئی نشان نہیں۔ لمبی لمبی داڑھیوں والے، سروں پر بڑے سے امامے صافے اور ٹوپیاں باندھے، شلواریں ٹخنوں سے اوپر اٹھاۓ مرد اپنے روزمرہ کے کاموں میں مگن ہیں۔ مولانا نے خیرت سے ہر جگہ دیکھا کہ کہیں وہ کسی اور جگہ پر تو نہیں آگۓ مگر وہ تمام علاقہ ان کا اپنا دیکھا بھالا تھا اور بالکل ویسا ہی تھا جیسا وہ روز دیکھتے تھے۔ اگر کچھ بدلا تھا تو وہ لوگ تھے۔ وہ ایک جگہ رکے اور ایک آدمی سے پوچھا یہ کیا ماجرا ہے۔ آدمی نے کہا مولانا آپ بھی کمال کرتے ہیں آپ کو معلوم نہیں ملک میں اسلامی نظام نافذ ہو چکا ہے اس لیے کسی عورت کو اجازت نہیں کہ وہ گھر سے باہر جا کر کام کرے۔ اگر بوقت ضرورت اسے نکلنا پڑے تو مکمل طور پر اسلامی لباس یعنی برقعے میں گھر سے نکلے گی اور یہ جو خلیہ آپ کو مردوں کا دکھائی دے رہا ہے اس پر بھی سب کو سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئ ہے۔' مولانا نے یہ سب سنا تو خوشی سے تقریباً اچھل پڑے۔ انہیں خیرت ہو رہی تھی کہ اتنی جلدی ان کی دعا قبول ہو گئ۔ ابھی رات کو ہی تو انہوں نے خدا کے خضور گڑگڑا کر دعا مانگی تھی۔ ان کی دعا اتنی جلدی قبول ہو جاۓ گی انہیں اس بات پر بالکل بھی یقین نہیں آرہا تھا۔ ان کی خوشی دیدنی تھی۔ وہ جلدی سے سکول پہنچے جہاں ان کی بچی پڑھتی تھی۔ وہاں جا کر انہیں معلوم ہوا سکول میں تمام کے تمام استاد مرد ہیں جتنی بھی استانیاں پڑھاتی تھیں ان کو نکال دیا گیا ہے کیونکہ اسلامی قانون پاس ہونے کے بعد کسی کو بھی اجازت نہیں کہ وہ سکول میں ملازمت کرے۔ مولانا اس پر کچھ تذبذب کا شکار ہوۓ۔ وہ اپنی بچی کو کسی صورت بھی مرد اساتذہ سے تعلیم نہیں دلوانا چاہتے تھے۔ کچھ عرصے پہلے انہوں نے اسی وجہ سے ایک سکول سے اپنی بچی کو اٹھوا لیا تھا کیونکہ وہاں عورتوں کے ساتھ مرد اساتذہ بھی پڑھاتے تھے مگر اب تو بات اور بھی گھمبیر تھی یہاں تو سرے سے کوئی بھی استانی نہیں تھی سب مرد تھے۔ وہ اپنی بچی کو یہ سوچ کر واپس لے آۓ کہ ملک میں اسلامی معاشرت کا نفاذ ہو گیا ہے یہی کافی ہے، رہا ان کی بچی کی تعلیم کا مسئلہ تو وہ اپنی بچی کو گھر پر خود پڑھا لیں گے۔ ان کے نزدیک یوں بھی دنیاوی تعلیم سے زیادہ دینی تعلیم کی اہمیت تھی اس لیے وہ اکثر کہا کرتے تھے ہمیں دنیاوی تعلیم کی بجاۓ دینی تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔
گھر پہنچ کر انہوں نے اپنی بیوی اور بڑی بیٹیوں کو مبارک باد دی اور بیوی سے کہا کہ وہ گھر پر کچھ شیرینی وغیرہ پکاۓ جبکہ وہ خود باہر سے مٹھائی لینے کے لیے نکلے لیکن پہلے انہوں نے سوچا کہ اردگرد گھوم کر دیکھا جاۓ کہ اسلامی معاشرت کے قیام کے بعد کیا کچھ تبدیلی آئی ہے۔ موٹر سائیکل پر انہوں نے شہر بھر کا چکر لگایا اور اپنے کئ جاننے والوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہیں مبارک بادیں دینے اور وصول کرنے کے بعد ظہر کے وقت انہوں نے مسجد کا رخ کیا۔ نماز کے بعد انہوں نے تمام نمازیوں کو بھی مبارک باد دی اور شکرانے کے طور پر نوافل بھی ادا کیۓ۔ جب وہ گھر آۓ تو ان کی بیوی میٹھا تیار کر چکی تھی لہذا میٹھا پکوان اور مٹھائی جو وہ بازار سے لے کر آۓ تھے پورے محلے میں بانٹی گئ۔ اس کے بعد ان کی بیوی نے کہا کہ اسے اپنے لیے اور بچیوں کے لیے کچھ نۓ کپڑے چاہیں۔ پہلے انہوں نے سوچا کہ خود بازار جا کر خرید لاتے ہیں مگر عورتوں کے لباس کے متعلق انہیں کچھ بھی علم نہیں تھا اور ان کی بیوی اپنی پسند سے لباس خریدنا چاہتی تھی لہذا انہوں نے اپنی بیوی کو برقع پہنایا اور موٹر سائیکل پر بٹھا کر بازار چلے آۓ۔ بازار آکر انہوں نے دیکھا ہر طرف مرد ہی مرد ہیں اور ایک بھی عورت دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ پہلے تو وہ ہچکچاۓ مگر لباس خریدنا ضروری تھا اس لیے وہ بازار میں گھس گۓ۔ دکانوں کے اندر اور باہر ہر جگہ مردوں کی بھیڑ تھی جس میں واحد عورت ان کی بیوی تھی۔ اگر دوسری عورتیں بھی ہوتیں تو شاید انہیں کچھ زیادہ محسوس نہ ہوتا مگر مردوں کے بھرے پڑے بازار میں تنہا اپنی بیوی کو دیکھ کر انہیں عجیب سا احساس ہوا۔ وہ چاروں طرف یوں شرمندگی، ندامت اور ہچکچاہٹ سے دیکھ رہے تھے جیسے ان کی کوئی چوری پکڑی گئی ہو۔ انہوں نے اپنی بیوی سے کہا کہ لباس پھر کبھی خرید لیں گے ابھی واپس چلتے ہیں۔ لہذا وہ جلدی سے بازار سے نکلے اور گھر لوٹ آۓ۔
رات کو وہ سونے کی تیاری کر رہے تھے جب ان کی بڑی بیٹی کی طبعیت اچانک خراب ہو گئ اور اسے فوراً ہسپتال لے کر جانا پڑا۔ ہسپتال پہنچے تو انہیں ایک اور مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ یہ کہ ہسپتال میں نرسز، ڈاکٹر اور دیگر تمام عملہ مرد حضرات پر مشتمل تھا۔ انہوں نے کبھی نہیں چاہا تھا کہ کوئی نامحرم ان کی جوان بیٹی کا چہرا بھی دیکھا چہ جائیکہ کوئی اسے چھوۓ اور اس کا علاج کرے۔ مگر اب کوئی بھی چارا نہیں تھا لہذا انہیں مجبوراً اپنی بیٹی کو مرد ڈاکٹر کو دکھانا پڑا۔ ڈاکٹر نے معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ اسے اپینڈکس کا درد ہے اور فوراً آپریشن کرنا پڑے گا۔ یہ صورتحال مولانا صاحب کے لیے ناقابل قبول تھی۔ معائنے کی حد تک تو پھر بھی ٹھیک تھا مگر نامحرموں سے اپنی جوان بیٹی کا آپریشن ان کے لیے ناقابلِ برداشت تھا۔ پہلے تو انہوں نے صاف انکار کر دیا مگر ڈاکٹر نے کہا کہ اگر فوراً آپریشن نہ کیا گیا تو بچی کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ اپنی بیوی کے سمجھانے پر انہوں نے ہاں کر دی اور آپریشن کے لیے راضی ہو گۓ۔ جب لڑکی کو آپریشن تھیٹر لے جایا گیا تو مولانا صاحب باہر کھڑے ہو گۓ اور دیوار سے ٹیک لگا کر اپنی آنکھیں بند کر لیں۔ انہوں نے چشم تصور سے دیکھا کہ ان کی جوان بچی بستر پر لیٹی ہے اور اس کے اردگرد ڈاکٹر سمیت تمام مرد خضرات اس پر جھکے ہیں تو ان کے حلق سے ایک بلند چیخ نکل گئ۔
جب انہوں نے آنکھیں کھولیں تو دیکھا کہ وہ اپنے گھر کے کمرے میں جاۓ نماز پر پڑے ہیں اور ان کی بیوی بستر سے اٹھ کر ان کے پاس آکھڑی ہوئی ہے اور ان کی بڑی بیٹی اور دوسری سب بچیاں بھی دوسرے کمرے سے چیخ سن کر آگئی ہیں۔ ان کی بیوی نے پوچھا 'کیا ہوا مولوی صاحب خیریت تو ہے آپ ادھر جاۓ نماز پر ہی سو گۓ تھے۔ لگتا ہے آپ نے کوئی ڈراؤنا خواب دیکھا ہے۔'
مولانا صاحب نے اپنے ماتھے پر سے پسینہ پونچھا اور نہایت دھیمی آواز میں کہا۔ 'ہاں خواب تھا۔ بہت ہی بھیانک خواب۔'

Post a Comment
Thank you for your comment