Drizzling Of Love

Drizzling Of Love





موسم کا بدلنا کسی نعمت سے کم نہیں۔ خاص کر جب زندگی جمود کا شکار ہو اور حالات میں کسی قسم کا کوئی تغیر واقع نہ ہو تو ایسے میں موسموں کے تغیر سے ہماری جامد زندگی میں حرکت کا احساس پیدا ہوتا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ حالات نہ سہی مگر زندگی میں کچھ تو تبدیلی آئی ہے۔ اگرچہ یہ احساس عارضی ہوتا ہے اور  موسم کے آغاز میں دل کے کسی گوشے میں جاگزیں ہوتا ہے مگر چند دنوں بعد جب موسم مکمل طور پر تبدیل ہو کر فضا میں پوری طرح رچ بس جاتا ہے تو یہ احساس مٹ جاتا ہے اور اس کی جگہ پھر سے وہی زندگی کے جمود کا احساس دل میں گھر کر لیتا ہے۔ جمود کا یہ احساس کتنا اذیت ناک اور تکلیف دہ ہے جب وقت کا دھارا مسلسل رواں ہو اور آپ کی عمر کا سبک رفتار دریا پیہم دواں ہو مگر آپ کی زندگی اک جگہ ٹھہر سی گئ ہو ایسے میں یہ عارضی احساس کس قدر عافیت بخش ہے۔ اس احساس کی بدولت زندگی کے جامد پن میں کچھ دراڑ سی پڑتی ہے اور کچھ دیر کے لیے یوں لگتا ہے کہ جمود کسی قدر ٹوٹا ہے۔ موسم کے تغیر سے ہمارے معمول میں ذرا سی تبدیلی واقع ہوتی ہے۔ دفاتر اور تعلیمی اداروں کے اوقات بدلتے ہیں، ہمارے سونے اٹھنے، کام پر آنے جانے اور ہماری خوراک اور پہناوے میں بھی کچھ بدلاؤ آتا ہے۔ ہماری زندگی جو برسوں کے جمود کے باعث اس  گندے پانی کے جوہڑ کی طرح محسوس ہوتی ہے جو برسہا برس سے ایک جگہ ٹھہرا ہوا ہو اور جس میں بہاؤ اور روانی مفقود ہو چکی ہو اور جس میں سے سڑاند اٹھ رہی ہو۔ موسم میں تبدیلی سے یہ احساس پنپتا ہے کہ شاید کسی وقت یہ ساکت پانی کا جوہڑ بھی آب رواں میں بدل جاۓ۔ یہ احساس کتنی بڑی نعمت ہے ورنہ زندگی کے تھکا دینے والے جبر اور بوجھل پن سے دب کر انسان کا دم گھٹ جاۓ۔ میرے نزدیک موسموں کا یہ تغیر امید کا استعارہ ہے۔ اک ایسی زندگی کی امید جو اس سڑاند زدہ ساکت و جامد زندگی سے بہتر ہو۔ اک ایسی زندگی جو اس نحوست زدہ زندگی سے برتر ہو۔ اک ایسی زندگی جو اس نیچ زندگی سے اعلیٰ ہو اور اک ایسی زندگی جو اس ہیچ زندگی سے بالا ہو۔ ذرا تصور کیجیے آپ چلتے ہوۓ راستے میں ایک ایسے مقام پر آکر رک گۓ ہیں جہاں آپ کے ننگے پاؤں کے نیچے نوکیلے پتھر ہیں اور اردگرد ہر سو خاردار جھاڑیاں، ببول اور کانٹے ہیں جو آپ کو مسلسل لہولہان کیے جا رہے ہیں۔ سر کے اوپر تپتا ہوا سورج ہے جس کی تیز حدت آپ کے لیے اذیت کا باعث ہے۔ آپ لاکھ جتن کرتے ہیں مگر اس مقام سے ایک انچ آگے نہیں بڑھ پاتے۔ ایسی جگہ پر ٹھہرے رہنا آپ کی مجبوری بن گئ ہے۔ ایک طویل مدت تک آپ اسی صورتحال سے دو چار ہیں۔ لیکن اچانک آپ کی نظر پڑتی ہے کہ کچھ ہی پل میں آسمان پر بادلوں کے چند ٹکڑے نمودار ہوۓ ہیں جنہوں نے سورج کو ڈھانپ لیا ہے۔ اب آپ کچھ دیر تک کم سے کم دھوپ کی حدت سے محفوظ ہیں۔ آپ کے حالات اور ماحول میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی مگر کچھ پل کے لیے موسم کے بدلاؤ نے آپ کو کسی قدر عافیت اور طمانیت کا احساس دلایا ہے۔ بالکل اسی طرح جب آپ کی زندگی بھی اسی ڈگر پر اور ایسے ہی ایک مقام پر آ کر ٹھہر جاۓ اور لمبے عرصے تک تغیر و تبدل کے آثار دکھائی نہ دیں تو ایسے میں موسم کی ہلکی سی تبدیلی کتنی بھلی معلوم ہوتی ہے۔ گو کہ آپ جانتے ہیں یہ تغیر وقتی اور عارضی ہے اور اس سے آپ کے حالات اور ماحول میں کوئی خاص فرق نہیں پڑنے والا۔ یہی وجہ ہے کہ جب موسم بدلتا ہے اور زندگی کے معمول میں کچھ تبدیلی آتی ہے تو مجھے بڑی راحت محسوس ہوتی ہے۔ جب درخت، پھول، پودے سب اپنی جون بدلتے ہیں، پہاڑ اپنا لباس تبدیل کرتے ہیں اور چرند، پرند بھی اپنے معمول میں تبدیلی لے آتے ہیں۔ بہت سے پرندے موسم بدلنے پر ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کر جاتے ہیں۔ کچھ جانور زیر زمین چلے جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ آبی جانور اور مچھلیاں بھی اپنی جگہ اور رنگ ڈھنگ بدلتے ہیں تو یوں لگتا ہے جیسے برسوں سے ٹھہری ہوئی مردہ زندگی میں ایک دم جان پڑ گئ ہے۔ حرکت کا یہ احساس کس قدر ہر دلعزیز ہے۔ دیکھا جاۓ تو یہ حرکت اور تغیر کوئی اتنا معمولی بھی نہیں۔ موسم کے بدلنے سے کائنات کی ہر ذی روح حرکت کرتی اور اپنی چال ڈھال، طور طریقے اور رہن سہن تبدیل کرتی ہے۔ اور یہ تو ہم جانتے ہی ہیں۔۔۔ رات دن گردش میں ہیں سات آسماں۔ 


Post a Comment

Thank you for your comment

Previous Post Next Post